راولپنڈی (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) پولیس نے 7 نومبر کو جمعیت علمائے اسلام (ف) کے اجتماعات کے بعد درج مقدمے میں مولانا فضل الرحمان کے سیکرٹری مفتی ابرار احمد کے عدالتی وارنٹ کی تعمیل کروا دی ، پولیس حکام کے مطابق اس سلسلے میں پولیس ٹیم مسجد فاروقِ اعظم، i-9/4 پہنچی، جہاں مفتی ابرار احمد کو مقدمہ نمبر 1212/26 سے متعلق وارنٹ کی تعمیل کرائی گئی۔
تھانہ انڈسٹریل ایریا میں درج مقدمے میں جے یو آئی (ف) کے رہنما قاری افتخار حسین سمیت 200 سے زائد افراد کو نامزد کیا گیا ہے ، ایف آئی آر کے مطابق نامزد افراد پر دفعہ 144 کی خلاف ورزی، سڑکیں اور راستے بند کرنے، پولیس کے فرائض میں مداخلت اور اہلکاروں کے ساتھ تصادم کے الزامات عائد کیے گئے ہیں ، مقدمے میں جے یو آئی (ف) کے متعدد رہنماؤں اور کارکنوں کو نامزد کیا گیا ہے، جبکہ پولیس کی جانب سے واقعے سے متعلق قانونی کارروائی جاری ہے۔

