سعودی عرب اور حوثیوں میں کشیدگی عروج پر، ریاض میں دھماکے کے بعد ہائی الرٹ

ریاض (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کی جانب یمن کی حوثی ملیشیا کی طرف سے داغے گئے میزائل حملے کو سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے، تاہم ریاض میں زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی جبکہ میزائل کا ملبہ گرنے سے املاک کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

سعودی قیادت میں قائم اتحاد کے مطابق ابتدائی جائزے میں میزائل کا ملبہ گرنے اور املاک کو نقصان پہنچنے کی تصدیق ہوئی ہے، تاہم نقصان کی نوعیت اور مجموعی تفصیلات کا تعین کیا جا رہا ہے ، اتحاد کا کہنا ہے کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب کے جنوبی علاقے کی طرف داغا گیا ایک کروز میزائل بھی فضا میں تباہ کر دیا گیا۔

ریاض میں دھماکے کی آواز سنائی دینے کے کچھ دیر بعد سعودی سول ڈیفنس نے شہریوں کو ممکنہ خطرے سے خبردار کیا، تاہم ابتدائی طور پر خطرے کی نوعیت سے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں ، بعد ازاں سول ڈیفنس نے اعلان کیا کہ خطرہ ٹل گیا ہے۔

دوسری جانب حوثی ملیشیا کے زیرانتظام یمن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی طیاروں نے آج صبح یمن کے دارالحکومت صنعا میں فضائی حملے کیے، تاہم ان حملوں سے متعلق سعودی حکام یا حوثی ملیشیا کی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ تفصیلی بیان سامنے نہیں آیا۔

ریاض میں دھماکے کی آواز سعودی سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے کی اس رپورٹ کے کچھ ہی دیر بعد سنی گئی جس میں بتایا گیا تھا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں سعودی عرب اور امریکا کے درمیان فوجی تعلقات اور خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی عرب اور حوثی ملیشیا کے درمیان کشیدگی میں گزشتہ ماہ اس وقت مزید اضافہ ہوا جب حوثی جنگجوؤں نے یمن کے بحیرہ احمر کے ساحل پر اہم تزویراتی علاقوں پر قبضہ کرکے آبنائے باب المندب کی جانب پیش قدمی شروع کی ، یہ آبنائے عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم سمندری گزرگاہ ہے، جہاں سے خلیجی ممالک کا تیل عالمی منڈیوں تک پہنچانے والے بحری جہاز گزرتے ہیں۔

آبنائے باب المندب بحیرہ احمر کو خلیج عدن اور بحر ہند سے ملاتی ہے اور عالمی بحری تجارت کے اہم ترین راستوں میں شمار ہوتی ہے ، خلیجی تیل پیدا کرنے والے ممالک کے لیے یہ آبنائے آبنائے ہرمز کے علاوہ بھی تجارتی اہمیت رکھتی ہے۔

سعودی عرب اور حوثی ملیشیا کے درمیان دوبارہ شروع ہونے والی لڑائی نے اقوام متحدہ کی ثالثی میں 2022 میں طے پانے والی جنگ بندی کو بھی متاثر کیا ہے ، اس معاہدے کے نتیجے میں سعودی قیادت میں قائم اتحاد اور حوثیوں کے درمیان حملوں میں بڑی حد تک کمی آئی تھی ، سعودی اتحاد یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کی حمایت کرتا ہے، جبکہ حوثی ملیشیا ملک کے گنجان آباد علاقوں پر کنٹرول رکھتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ عرصے میں ایران سے منسلک علاقائی گروہ حوثی ملیشیا نے امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف وسیع تر جنگ کے دوران سعودی عرب پر حملوں میں اضافہ کیا ہے ، ان حملوں میں سعودی ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوششیں شامل ہیں، جبکہ سعودی عرب نے جواب میں یمن میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر فضائی کارروائیاں کی ہیں۔

ریاض ماضی میں بھی میزائل حملوں کا نشانہ بن چکا ہے، جن میں شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک مہلک حملہ بھی شامل ہے ، اس کے علاوہ ایک اور میزائل حملے کو ناکام بنانے کے دوران گرنے والے ملبے سے سعودی تیل کمپنی آرامکو کی ملکیت ایک عمارت کو بھی نقصان پہنچا تھا ، تازہ میزائل حملے اور یمن میں سعودی فضائی کارروائیوں کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، جبکہ بحیرہ احمر اور آبنائے باب المندب جیسے اہم تجارتی راستوں کی سیکیورٹی بھی عالمی سطح پر تشویش کا باعث بن سکتی ہے۔