راولپنڈی (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) نجی نیوز چینل کی سینئر اینکر پرسن ربیعہ احسن کے قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، مقتولہ کے اہل خانہ نے ملزم احسن طاہر کو معاف کر دیا، مقتولہ کی بہن علوینہ اور والدہ نے عدالت میں پیش ہو کر ملزم کے حق میں بیان دے دیا۔
مدعی پارٹی کی جانب سے عدالت میں جمع کرایا گیا حلف نامہ بھی سامنے آگیا، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ربیعہ احسن کی موت دانستہ قتل کے نتیجے میں نہیں بلکہ ایک حادثے کے باعث ہوئی ، حلف نامے کے مطابق مقتولہ کی بہن علوینہ نے بیان دیا کہ انہوں نے اپنی تسلی کرلی ہے کہ ملزم احسن طاہر نے ان کی بہن کو جان بوجھ کر قتل نہیں کیا، انہوں نے ملزم کو فی سبیل اللہ معاف کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ربیعہ احسن کی موت ایک حادثہ تھا۔
مقتولہ کی والدہ نے بھی ملزم کو معاف کرتے ہوئے عدالت میں اس کے حق میں بیان دیا، جس کے بعد کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے ، دوسری جانب مدعی خرم احمد کی جانب سے ان کی وکیل صبا فراز راجہ عدالت میں پیش ہوئیں، جبکہ اہل خانہ کی جانب سے ملزم کی معافی اور حلف نامہ جمع کرائے جانے سے مقدمے کی کارروائی میں نئی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

