پرتھ میں بسنت فیسٹیول کا شاندار اختتام، 15 ہزار سے زائد افراد کی شرکت

پرتھ (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں پاکستانی ثقافت، موسیقی اور روایات سے سجا پرتھ ملٹی کلچرل بسنت فیسٹیول 2026 شاندار کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا، میلے میں 15 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی جبکہ معروف پاکستانی گلوکارہ حمیرا ارشد کی شاندار پرفارمنس نے تقریب کو یادگار بنا دیا۔

پاکستان یوتھ ایسوسی ایشن آف ویسٹرن آسٹریلیا کے زیر اہتمام پرتھ کے معروف لینگلے پارک میں منعقدہ اس ثقافتی میلے میں پاکستانی تہذیب و ثقافت کے مختلف رنگ نمایاں نظر آئے ، رنگ برنگی پتنگوں، روایتی ملبوسات، پاکستانی کھانوں، موسیقی، ثقافتی نمائشوں اور بچوں کے لیے خصوصی تفریحی سرگرمیوں نے شرکا کی توجہ حاصل کیے رکھی۔

فیسٹیول میں پاکستانی نژاد آسٹریلوی شہریوں کے علاوہ مختلف قومیتوں اور ثقافتی پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد اور خاندانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جس سے تقریب مختلف کمیونٹیز کے درمیان ہم آہنگی، باہمی احترام اور بین الثقافتی روابط کے فروغ کا خوبصورت مظہر بن گئی ، تقریب کا خصوصی مرکز معروف پاکستانی گلوکارہ حمیرا ارشد کی پرفارمنس رہی، جنہوں نے اپنی سریلی آواز اور مقبول گیتوں سے حاضرین کو محظوظ کیا۔

ان کی شاندار پیشکش پر شرکا نے بھرپور داد دی جبکہ ان کی شرکت نے فیسٹیول کی رونقوں کو مزید بڑھا دیا ، فیسٹیول کے انعقاد کا بنیادی مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اپنی قومی شناخت، تہذیبی روایات اور ثقافتی ورثے سے جوڑے رکھنا، جبکہ آسٹریلیا کے کثیرالثقافتی معاشرے میں پاکستان کی مثبت شناخت کو اجاگر کرنا تھا ، میلے کے ذریعے دیگر کمیونٹیز کو پاکستان کی روایات، مہمان نوازی، موسیقی اور ثقافتی تنوع سے روشناس کرانے کا موقع بھی فراہم کیا گیا۔

پاکستان یوتھ ایسوسی ایشن آف ویسٹرن آسٹریلیا کے صدر عبداللہ چوہدری، سینئر نائب صدر آصف ملک، جنرل سیکرٹری علی شاہ، چیئرمین کور کمیٹی نور خان، ایونٹ منیجر عمر چوہدری اور ایونٹ کوآرڈینیٹر زین گجر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ فیسٹیول کے انعقاد اور کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ، منتظمین نے پروگرام کی منصوبہ بندی، انتظامی امور، مختلف ٹیموں کے درمیان رابطہ کاری اور کمیونٹی کی بھرپور شرکت یقینی بنانے کے لیے مربوط کوششیں کیں۔

ایسوسی ایشن کی قیادت کے مطابق ایسے ثقافتی پروگرام محض تفریحی سرگرمیاں نہیں بلکہ بیرون ملک پاکستانیوں کی اجتماعی شناخت، قومی یکجہتی اور نئی نسل کو اپنی زبان، ثقافت اور روایات سے وابستہ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، یہ اجتماعات مختلف ثقافتوں کے لوگوں کو قریب لانے، باہمی احترام کو فروغ دینے اور معاشرتی ہم آہنگی مضبوط بنانے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔

منتظمین نے فیسٹیول کی کامیابی کو پوری پاکستانی کمیونٹی کی مشترکہ کاوش قرار دیتے ہوئے اسپانسرز، رضاکاروں، فنکاروں، اسٹال ہولڈرز، معاون اداروں اور ہزاروں کی تعداد میں شریک خاندانوں کا شکریہ ادا کیا، ان کا کہنا تھا کہ کمیونٹی کے بھرپور تعاون اور رضاکاروں کی انتھک محنت کے بغیر اتنے بڑے پیمانے پر ثقافتی پروگرام کا انعقاد ممکن نہیں تھا۔

پاکستان یوتھ ایسوسی ایشن آف ویسٹرن آسٹریلیا نے مستقبل میں بھی ایسے ثقافتی، سماجی اور خاندانی پروگرام منعقد کرنے کے عزم کا اظہار کیا، تاکہ پاکستانی تہذیب و ثقافت کو عالمی سطح پر متعارف کرانے، بیرون ملک نوجوانوں کو اپنی جڑوں سے جوڑے رکھنے اور آسٹریلیا کی مختلف کمیونٹیز کے درمیان دوستانہ روابط کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔