سیالکوٹ (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ سیاسی حریفوں نے بھی تسلیم کر لیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سیاسی قیدی ہیں، بلاول بھٹو زرداری نے بھی اعتراف کیا ہے کہ 2024 کے انتخابات میں ہم سے زبردستی اور غیر قانونی طور پر انتخابی نشان چھینا گیا۔
اسلم گھمن ایم این اے کے بھائی کی وفات پر تعزیت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پیپلز پارٹی گورنر راج ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے، ہم نے پیپلز پارٹی کو اپنی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے، اب دیکھتے ہیں کہ وہ شرکت کرتے ہیں یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی 77 مخصوص نشستیں دوسری سیاسی جماعتوں میں تقسیم کی گئیں، ہماری ہی 14 نشستیں پیپلز پارٹی کو دی گئیں، جن میں قومی اسمبلی کی 4، خیبر پختونخوا اسمبلی کی 6، پنجاب اسمبلی کی 2 اور سندھ اسمبلی کی 2 نشستیں شامل ہیں ، بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ اگر بلاول بھٹو زرداری اپنے مؤقف میں سنجیدہ ہیں تو سب سے پہلے پی ٹی آئی کی مخصوص نشستیں واپس کریں اور ہماری لی گئی نشستوں پر اپنے ارکان سے استعفے دلوائیں۔
انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ذاتی اور سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر ملک و قوم کے بہترین مفاد میں فیصلے کیے جائیں، پیپلز پارٹی واقعی سنجیدہ ہے تو مشترکہ اپوزیشن کا حصہ بنے، ہم اسے خوش آمدید کہیں گے ، چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آئیں مل کر عدلیہ اور الیکشن کمیشن کو آزاد کرائیں، ووٹ کے تقدس کی پامالی روکیں اور عوام کے مینڈیٹ کا احترام یقینی بنائیں، انہی اقدامات سے ملک میں سیاسی استحکام، معاشی خوشحالی اور قومی ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔

