قطر کے وزیر داخلہ کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات، سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق

راولپنڈی (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے قطر کے وزیر داخلہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، بدلتی ہوئی علاقائی و عالمی سکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ سکیورٹی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک نے سکیورٹی، انسداد دہشت گردی اور ادارہ جاتی تعاون کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر قطر کے وزیر داخلہ نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قطر کے ساتھ دوطرفہ روابط مزید گہرے کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قریبی تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔