آبنائے ہرمز میں دو آئل ٹینکرز بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے، آگ بھڑک اٹھی

تہران (ویب ڈیسک) آبنائے ہرمز میں سمندری کشیدگی کے دوران دو آئل ٹینکرز کے بارودی سرنگوں سے ٹکرانے اور آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا ہے، ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں جہاز سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد دھماکوں کی زد میں آئے، جس کے نتیجے میں ان میں آگ بھڑک اٹھی۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق یہ واقعہ بدھ کی صبح پیش آیا، جب دونوں آئل ٹینکرز آبنائے ہرمز کے جنوبی اور مشرقی ساحلی علاقوں کے قریب سے گزر رہے تھے ، ایرانی بحریہ کا دعویٰ ہے کہ جہازوں کے سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد دھماکے ہوئے اور آگ لگ گئی۔

پاسدارانِ انقلاب کے مطابق دونوں ٹینکرز نے آبنائے ہرمز سے گزرنے کے دوران اپنے نیویگیشن اور شناختی نظام بند کر رکھے تھے اور اسی حالت میں آبنائے عبور کرنے کی کوشش کر رہے تھے ، ایرانی حکام نے تاحال متاثرہ آئل ٹینکرز کی شناخت، ان پر سوار عملے کی تعداد یا ممکنہ جانی و مالی نقصان کے حوالے سے تفصیلات جاری نہیں کیں، واقعے کے بعد جہازوں کی صورتحال سے متعلق بھی مزید معلومات سامنے نہیں آسکیں۔

واضح رہے کہ اس سے ایک روز قبل بھی پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ آبنائے ہرمز سے امریکی فوج کی فضائی نگرانی میں گزرنے والے تین آئل ٹینکرز سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے تھے ، مسلسل پیش آنے والے ان واقعات نے آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت اور تیل کی عالمی ترسیل کی سکیورٹی سے متعلق خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے، تاہم ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق ہونا ابھی باقی ہے۔