تہران (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) ایران کی پارلیمان کے سپیکر اور امریکا کے ساتھ مذاکرات کے لیے ملک کے چیف مذاکرات کار محمد باقر قالیباف کا کہنا ہے کہ تہران کے مطالبات پورے ہونے تک کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے ، پارلیمان میں خطاب کرتے ہوئے قالیباف کا کہنا تھا کہ ہم وہی بات کر رہے ہیں جو پہلے بھی کرتے آئے ہیں، ایران کی جانب سے عائد کردہ سات شرائط پر عمل درآمد سے پہلے نہ کوئی اقدام ہو گا اور نہ ہی مذاکرات ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر دشمن نے کوئی غلطی کی تو ہم اس کی کارروائیوں کا فیصلہ کن جواب دینے اور جنگ کے جغرافیے کو تبدیل کرنے کے لیے تیار ہیں ، ایران کا مؤقف ہے کہ اس نے امریکا کو ایک منصوبہ پیش کیا ہے جس میں سات مطالبات شامل ہیں، اگر ان شرائط کو پورا کر دیا گیا تو اس مدت کے اختتام پر آبنائے ہرمز کھول دی جائے گی اور مستقل معاہدے کے لیے امریکا کے ساتھ مذاکرات شروع کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی شرائط میں تمام محاذوں پر جنگ کا خاتمہ، لبنان پر اسرائیلی حملے بند کرنے، ایران کی بحری ناکہ بندی کا خاتمہ، اور ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کا اٹھایا جانا شامل ہے ، ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے حال ہی میں کہا تھا کہ اگر امریکہ تہران کے مطالبات مان لے تو آبنائے ہرمز کو دو دن کے اندر دوبارہ کھولا جا سکتا ہے ، ایران اور امریکا دونوں کا دعویٰ ہے کہ آبنائے ہرمز پر ان کا مکمل کنٹرول ہے۔

