اسلام آباد کو ہیپاٹائٹس سی فری شہر بنانے کا فیصلہ، جنوری سے 17 لاکھ شہریوں کی مفت اسکریننگ ہوگی

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو پاکستان کا پہلا ہیپاٹائٹس سی فری شہر بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر اسکریننگ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کا آغاز آئندہ سال جنوری سے ہوگا، وزیراعظم کے نیشنل پروگرام برائے خاتمہ ہیپاٹائٹس سی کے تحت اسلام آباد کے تقریباً 17 لاکھ شہریوں کے مفت ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

اس قومی مہم کے تحت 12 سال اور اس سے زائد عمر کے تمام شہریوں کی اسکریننگ کی جائے گی ، اس حوالے سے پروفیسر ڈاکٹر سعید اختر اور پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کے صدر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی۔

منصوبے کے تحت اسکریننگ کے عمل کو مؤثر بنانے کے لیے 4 ہزار 500 دو رکنی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی، جو اسلام آباد کے تمام سیکٹرز اور یونین کونسلز میں گھر گھر جا کر شہریوں کے ٹیسٹ کریں گی، اس مہم میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے 9 ہزار طلبہ، فیکلٹی ممبران اور محکمہ صحت کے اہلکار رضاکارانہ طور پر خدمات انجام دیں گے۔

اسکریننگ کا دائرہ صرف گھروں تک محدود نہیں ہوگا بلکہ اسکولوں، جامعات، مدارس، سرکاری و نجی دفاتر اور مارکیٹوں میں بھی شہریوں کو مفت ٹیسٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو اس مہم میں شامل کیا جا سکے۔

ٹیسٹ کے لیے انگلی سے خون کا معمولی سا نمونہ حاصل کیا جائے گا، جبکہ اسکریننگ کے دوران جمع ہونے والا تمام ڈیٹا نادرا کے الیکٹرانک سسٹم میں محفوظ کیا جائے گا، ابتدائی ٹیسٹ میں ہیپاٹائٹس سی کی علامات سامنے آنے والے شہریوں کا مفت پی سی آر (PCR) ٹیسٹ کیا جائے گا، جبکہ جگر کی صحت اور بیماری کی شدت کا اندازہ لگانے کے لیے اے پی آر آئی (APRI) اسکور بھی مرتب کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے اس قومی منصوبے میں مصر کے کامیاب ماڈل سے استفادہ کیا جا رہا ہے، جہاں بڑے پیمانے پر اسکریننگ اور علاج کے ذریعے اس بیماری کے خلاف اہم پیش رفت کی گئی ، منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں اسلام آباد کو ہیپاٹائٹس سی سے پاک بنانے پر توجہ دی جائے گی، جبکہ وفاقی دارالحکومت میں اس مہم کی کامیابی کے بعد اسے مرحلہ وار ملک کے دیگر شہروں اور پھر پورے پاکستان تک وسعت دینے کا منصوبہ ہے۔

اس موقع پر پی ایم ڈی سی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے وزیراعظم کے قومی پروگرام میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے طلبہ کو اس اہم قومی مہم میں شامل کرنے اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا ، اسلام آباد میں شروع ہونے والی یہ مہم ہیپاٹائٹس سی کی بروقت تشخیص، مفت ٹیسٹنگ اور متاثرہ افراد کو علاج کی سہولت تک پہنچانے کے حوالے سے ایک اہم قومی اقدام قرار دی جا رہی ہے۔