ایشیا کپ :پاک بھارت سپر فور راؤنڈ کا میچ بارش کے باعث کل تک ملتوی

کولمبو(سی این پی)ایشیا کپ 2023 کے سپر فور مرحلے میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ بارش کے باعث آج کے لیے معطل کردیا گیا ہے اور بقیہ میچ کل کھیلا جائے گا۔بارش کے باعث میچ روکے جانے سے قبل بھارت نے 24 اوورز کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے اور کئی بار کوشش کے باوجود بار بار بارش کی مداخلت کی وجہ سے میچ کل دوبارہ شروع ہو گا۔

سری لنکا کے شہر کولمبو کے پریما داسا اسٹیڈیم میں جاری اہم میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی لیکن یہ فیصلہ گزشتہ میچوں کے برعکس کچھ اچھا ثابت نہ ہو سکا۔دونوں بھارتی اوپنرز نے اعتماد اور جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور 14 ویں میں دونوں نے ٹیم کی سنچری مکمل کرا دی جبکہ اس دوران پاکستانی فاسٹ باؤلرز بالکل بے بس نظر آئے۔

دونوں بھارتی اوپنرز نے خصوصاً شاداب خان کو آڑے ہاتھوں لیا اور اس دوران اپنی اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کر لیں۔نوجوان اوپنر شبمن گل نے 52 گیندو ں کا سامنا کرتے ہوئے 58 رنز بنائے اور ایک روزہ میچوں میں آٹھویں نصف سنچری مکمل کی۔

اس سے قبل کہ یہ شراکت مزید خطرناک ثابت ہوتی، شاداب کی گیند پر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں کپتان روہت شرما 56 رنز بنا کر فہیم اشرف کو وکٹ دے بیٹھے۔ابھی بھارتی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ شاہین شاہ آفریدی نے اگلے اوور میں شبمن گل کی 58 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

اس کے بعد ویرات کوہلی کا ساتھ دینے لوکیش راہُل آئے اور دونوں نے مل کر اسکور کو 147 تک پہنچا دیا لیکن اسی اسکور پر میچ میں بارش نے مداخلت کردی اور کھلاڑیوں کو پویلین لوٹنا پڑا، کوہلی 8 اور راہُل 17 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

کولمبو میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا اور اس دوران گراؤنڈ میں موجود عملہ بھی تندہی سے میدان کو خشک اور کھیل کے قابل بنانے کی کوشش کرتا رہا۔اس دوران امپائرز اور دونوں ٹیموں کے کوچ، کپتان اور کھلاڑیوں نے بھی صورتحال کا جائزہ لیا تاکہ اندازہ لگایا جا سکے کہ میچ کب تک شروع ہونے کا امکان ہے۔

امپائرز کی جانب سے ساڑھے 8 بجے دوبارہ معائنہ کیا گیا لیکن اس سے قبل کہ وہ میچ دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کرتے، ایک مرتبہ پھر بوندا باندی شروع ہو گئی جس سے میچ آج ہی دوبارہ شروع ہونے کے امکانات دم توڑ گئے۔اس کے بعد امپائرز نے دونوں کپتانوں اور میچ ریفری کی مشاورت سے آج کے دن کا کھیل ختم کرتے ہوئے میچ کو کل تک ملتوی کردیا اور اب میچ کل یہیں سے دوبارہ شروع ہوگا۔