اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم کی ماحولیاتی تبدیلی کی فوکل پرسن اور کوآرڈینیٹر رومینہ خورشید عالم سے وزارت ماحولیات میں ملاقات کی ۔ملاقات میں خیبرپختونخوا میں حالیہ سیلاب متاثرین کو فوری امداد فراہم کرنے، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے مشترکہ اقدامات اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر زبیر ارشدبھی موجودتھے۔ منگل کو گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق فوکَل پرسن نے گورنرکو یقین دہانی کرائی کہ وزارتِ ماحولیاتی تبدیلی سیلاب متاثرین کو فوری اور بھرپور امداد فراہم کرے گی تاکہ ان کی بحالی کے عمل میں کوئی تاخیر نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کا تقاضا ہے کہ ہم تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر ایک جامع حکمت عملی تیار کریں جو نہ صرف ہنگامی امداد فراہم کرے بلکہ مستقبل میں قدرتی آفات سے بچاؤ کو بھی یقینی بنائے۔اس موقع پر فوکل پرسن رومینہ خورشیدنے یہ تجویز بھی دی کہ گورنر ہاؤس پشاور میں ایک ”گورنر لیگیسی سینٹر” قائم کیا جائےجو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لئے پائیدار (climate-resilient) انفراسٹرکچر اور صحت کے منصوبوں کا مرکز ہو، یہ سینٹر بین الاقوامی ڈونرز کی مدد سے چلایا جائے گا اور اس کا مقصد صوبے میں جدید، ماحولیاتی تحفظ پر مبنی ترقیاتی منصوبوں کو فروغ دینا ہوگا .
گورنر خیبر پختونخوا نے وفاقی حکومت کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مشترکہ کوششیں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ صوبائی سطح پر مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔ دونوں رہنماؤں نے وزارتِ ماحولیاتی تبدیلی اور گورنر خیبر پختونخوا کے دفتر کے درمیان قریبی روابط قائم کرنے پر زور دیا تاکہ مستقبل کے تمام ماحولیاتی اور ترقیاتی اقدامات کو مؤثر اور مربوط طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیاگیا کہ سسٹین ایبل سٹیزگلوبل لمیٹڈ کی جانب سے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لئے (climate-resilient) انفراسٹرکچرکی مدمیں مستقبل میں پاکستان میں انویسمنٹ پربھرپور تعاون کیا جائے گا۔

