راولپنڈی میں ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے شہریوں کا رش، 24 گھنٹے لائسنسنگ سہولیات فراہم کرنے کا سلسلہ جاری

راولپنڈی (کرائم رپورٹر)ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے عوام میں دلچسپی میں غیر معمولی اضافہ دیکھا جا رہا ہے جس کے باعث راولپنڈی کے ڈرائیونگ لائسنسنگ سینٹرز پر شہریوں کا رش بڑھ گیا ہے۔ ٹریفک ہیڈکواٹر راولپنڈی میں 24 گھنٹے لائسنسنگ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ شہریوں کو آسانی اور سہولت فراہم کی جا سکے۔

ضلع راولپنڈی کے 15 مختلف سینٹرز پر عوام الناس کو لائسنس جاری کرنے کا سلسلہ تسلسل سے جاری ہے۔ انچارج لائسنسنگ کے مطابق گوجر خان، کلر سیداں، ٹیکسلا سمیت راولپنڈی کے تین مختلف مقامات پر ڈرائیونگ ٹیسٹ بھی لیے جا رہے ہیں۔ دور دراز علاقوں میں رہنے والے شہریوں کی سہولت کے لیے موبائل خدمت وین کے ذریعے بھی لائسنسنگ خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔

مزید براں، DLIMS آن لائن پورٹل کے ذریعے بھی شہری اپنے لائسنس کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، جس سے رش کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ رش سے بچنے کے لیے آن لائن سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

سی ٹی او راولپنڈی نے واضح کیا کہ پاکستان کا ہر شہری صرف اپنے اصل شناختی کارڈ کے ذریعے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکتا ہے۔ سی ٹی او فرحان اسلم نے کہا کہ میرٹ اور عزت دارانہ طریقے سے لائسنسنگ سروسز کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے تاکہ عوام کو بہترین خدمات فراہم کی جا سکیں۔