میرپورخاص(کرائم رپورٹر)ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل میرپورخاص نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے فنڈز میں خردبرد میں ملوث 21 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جن میں بی آئی ایس پی کے اہلکار بھی شامل ہیں ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں احسن علی، امر سنگھ، شہزاد علی، نعیم، گیان، خمیسو، امان اللہ، سفیر انور، کنور، جاوید علی، نارائن، جعفر علی، محمد بخش، جمن، عبدالحمید، رجب، کاشف علی، شاہنواز، سہیل ایوب، اشفاق حسین اور عبدالحمید شامل ہیں ، گرفتار ملزمان میں شاہنواز، سہیل ایوب اور اشفاق حسین بی آئی ایس پی کے اہلکار ہیں، جنہیں ناگوری ہال، میرپورخاص میں واقع بی آئی ایس پی سینٹر سے گرفتار کیا گیا۔ چھاپے کے دوران 9 ڈیوائسز، 2 سلیکون انگوٹھوں کے امپریشن، گلو گن مشین، گلو بار اور 25 لاکھ 30 ہزار روپے نقدی برآمد کی گئی۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان بطور سب ایجنٹس اصل مالکان کی ڈیوائسز استعمال کرتے ہوئے بی آئی ایس پی کے مستحقین سے 1500 سے 2000 روپے فی کس غیر قانونی کٹوتی کر رہے تھے، جبکہ یہ رقم بی آئی ایس پی افسران اور فرنچائز مالکان کو رشوت کے طور پر ادا کی جاتی تھی مزید انکشاف ہوا ہے کہ اگر مستحقین یہ غیر قانونی کٹوتی ادا نہ کرتے تو ملزمان ان کی آئی ڈی بلاک کر دیتے تھے ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان بی آئی ایس پی فنڈز میں خردبرد اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں بھی ملوث رہے ہیں ایف آئی اے ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر مزید گرفتاریاں متوقع ہیں، اور کارروائی کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔

