فیصل آباد (کامرس رپورٹر )پاکستان سنگل ونڈو (PSW) اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) نے “خدیجہ ویمن انٹرپرینیورشپ پروگرام” کے تحت کاروباری خواتین کے لیے بین الاقوامی تجارت کے مواقع پیدا کرنے کے لیے باہمی تعاون کیا۔ اس کے تحت PSW، TDAP اور فیصل آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے فیصل آباد میں کاروباری خواتین کے لیے ایک معلوماتی پروگرام منعقد کیا۔
اس پروگرام میں کاروباری خواتین کو سرحد پار تجارت، ای کامرس، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، کسٹمز کے طریقہ کار، مالی وسائل تک رسائی اور گرین ٹریڈ جیسے ابھرتے ہوئے مواقع کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی، تاکہ خواتین کی سربراہی میں چلنے والے کاروبار عالمی منڈیوں میں ترقی کر سکیں۔
TDAP اپنی ویمن انٹرپرینیورشپ ڈویژن کے ذریعے کاروباری خواتین کی ہمیشہ سے معاونت کرتا آ رہا ہے، جس میں مارکیٹ لنکیجز اور عالمی سطح پر مصنوعات کی نمائش کے مواقع شامل ہیں۔ فیصل آباد میں PSW کے ساتھ اس اشتراک کے ذریعے TDAP اس بات کو یقینی بنا رہا ہے کہ کاروباری خواتین نہ صرف تجارتی ضوابط کو بہتر طور پر سمجھ سکیں بلکہ عالمی خریداروں کے مقرر کردہ پائیداری کے معیار پر بھی پورا اتریں۔ یہ شراکت داری کاروباری خواتین کی عالمی مارکیٹوں میں رسائی اور مسابقتی صلاحیت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے پاکستان سنگل ونڈو اپنے فلیگ شپ اقدام کے تحت بین الاقوامی تجارت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے ساتھ ساتھ خواتین کی عالمی تجارت میں شمولیت بڑھانے کے لیے خدیجہ پروگرام پر عمل پیرا ہے۔ اس پروگرام کو حال ہی میں عالمی تجارتی تنظیم (WTO) کی طرف سے “جیندر ایکوئیٹی ان ٹریڈ” ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ پروگرام تجارتی سہولت کاری کے ساتھ تربیتی مواقع فراہم کرتا ہے، جس سے کاروباری خواتین عالمی سطح پر کامیابی کے لیے ضروری علم اور مہارت حاصل کر سکیں اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف 2030 کے مطابق، یہ پروگرام ماحول دوست اور ڈیجیٹل تجارت کو فروغ دیتا ہے، تاکہ پاکستان کے کاروباری افراد عالمی منڈی میں بہتر طور پر مقابلہ کر سکیں۔
PSW کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، افتاب حیدرنے کہا:“خدیجہ پروگرام کا عالمی سطح پر اعتراف اس بات کی علامت ہے کہ ہم کاروباری خواتین کو جدید ڈیجیٹل معیشت میں کامیابی کے لیے درکار علم فراہم کر رہے ہیں۔ TDAP کی ویمن انٹرپرینیورشپ ڈویژن کے ساتھ ہماری شراکت داری خواتین کی زیرِ قیادت کاروباری اداروں کو عالمی منڈیوں میں زیادہ مسابقتی بنانے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے تجارتی نظام میں شمولیت اور جدت کو فروغ دے رہی ہے۔”تقریب کی مہمانِ خصوصی محترمہ قرت العین، نائب صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI)، نے کہا:“عالمی منڈی اب ایسے کاروبار چاہتی ہے جو جدت کے ساتھ شمولیت اور ذمہ داری کو بھی اپنائیں۔ فیصل آباد کی کاروباری خواتین کے پاس یہ موقع ہے کہ وہ ڈیجیٹل ٹولز اور پائیدار طریقوں کو اختیار کر کے تبدیلی کی قیادت کریں۔ خدیجہ پروگرام اس سمت میں ایک اہم قدم ہے جو خواتین کے کاروباروں کو عالمی منڈی میں کامیابی کے لیے تیار کرتا ہے۔”
پروگرام میں ماہرین کی زیرِ قیادت سیشنز منعقد کیے گئے جن میں مالیات، بین الاقوامی مارکیٹنگ، تجارتی ضوابط پر عمل درآمد اور پائیدار طریقہ کار اپنانے پر گفتگو کی گئی۔ ان سیشنز نے شرکاء کو اپنے کاروبار کو مضبوط بنانے، برآمدی مواقع تلاش کرنے اور عالمی پائیداری کے معیار پر پورا اترنے کے لیے عملی معلومات فراہم کیں TDAP کی ویمن انٹرپرینیورشپ ڈویژن کی ڈپٹی ڈائریکٹر محترمہ ماہینہ غالب نے کہا:“PSW کے ساتھ اس اشتراک کے ذریعے ہم پاکستان بھر کی کاروباری خواتین کو زیادہ مواقع فراہم کر رہے ہیں، خاص طور پر ان علاقوں کی خواتین کو جہاں وسائل اور مارکیٹ تک رسائی محدود ہے۔ تربیت، رہنمائی اور ڈیجیٹل ٹریڈ فسیلیٹیشن کے ذریعے ہم یہ یقینی بنا رہے ہیں کہ خواتین نہ صرف پاکستان کی تجارتی ترقی کا حصہ ہوں بلکہ اس کی قیادت بھی کریں۔”
خدیجہ ویمن انٹرپرینیورشپ پروگرام مسلسل کاروباری خواتین کو ایسے وسائل، تربیت اور علم فراہم کر رہا ہے جس سے وہ عالمی سطح پر ترقی کر سکیں۔ یہ پروگرام PSW کے اس وسیع وژن کا حصہ ہے جس کا مقصد پاکستان کے تجارتی نظام کو مضبوط بنانا اور خواتین کی زیر قیادت کاروباروں کو طویل مدتی کامیابی کے لیے تیار کرنا ہے۔

