اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیربرائے قومی صحت سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے ،میڈیکل ایجوکیشن کو انٹر نیشنل معیار کے مطابق بنانے کیلیے بھر پور اقدامات کیے جائیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے صدر پروفیسر رضوان تاج اور رجسٹرار سے ملاقات کے دوران کیا ، صدر پی ایم ڈی سی نے وزیر صحت کو موجودہ میڈیکل ایجوکیشن سسٹم پر بریفنگ دی۔ ملاقات میں طبی تعلیم کے معیار کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ڈاکٹرز دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کر رہے ہیں، ہمیں اس روایت کو برقرار رکھنا ہے۔ میڈیکل کالجز میں تعلیم کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جائے گاجبکہ پی ایم ڈی سی اور وزارت صحت مل کر اس حوالے سے مؤثر اقدامات یقینی بنائیں گے۔

