اسلام آباد ہائی کورٹ نے ماتحت عدالتوں میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا

اسلام آباد(کورٹ رپورٹر)اسلام آباد ہائی کورٹ نے سول کورٹس اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس (ایسٹ و ویسٹ) کے لیے موسم سرما کی تعطیلات 2025-26 کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق عدالتیں یکم جنوری 2026 سے 8 جنوری 2026 تک بند رہیں گی۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، ایڈیشنل سیشن ججز، سینئر سول ججز اور جوڈیشل مجسٹریٹس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تعطیلات کے دوران بطور ڈیوٹی ججز اپنی خدمات سر انجام دیں گے تاکہ اہم اور پرانے مقدمات کی سماعت کا سلسلہ متاثر نہ ہو۔رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ محمد یار ولانہ کے دستخط سے جاری نوٹیفکیشن مختلف سرکاری و عدالتی اداروں اور بار ایسوسی ایشنز کو ارسال کیا گیا ہے۔