وفاقی وزیر علی پرویز ملک کی کویت کے وزیر خزانہ اور چیئرمین کویت انویسٹمنٹ اتھارٹی ڈاکٹر صبیح المخیزیم سے ملاقات،

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کویت کے وزیر خزانہ و قابل تجدید توانائی اور چیئرمین کویت انویسٹمنٹ اتھارٹی (کے آئی اے) ڈاکٹر صبیح المخیزیم سے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان اور کویت کے درمیان دو طرفہ قریبی اور تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ ترجمان پٹرولیم ڈویژن کے مطابق دونوں وزراء نے برادر ممالک کے درمیان گہرے تاریخی روابط پر زور دیا اور متعدد شعبوں میں تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا آئندہ مرحلے میں توانائی، سرمایہ کاری اور تجارت کے شعبوں میں مشترکہ تعاون کو موثر بنانے کے طریقہ کار پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ ڈاکٹر صبیح المخیزیم نے کہا کہ کویت کا پاکستان میں نمایاں سرمایہ کاری پورٹ فولیو موجود ہے اور کویت پاکستان میں مزید سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ کویت انویسٹمنٹ اتھارٹی پاکستان میں نئے سرمایہ کاری مواقع تلاش کرنے اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر دوطرفہ سرمایہ کاری کے دائرہ کار کو وسعت دینے کے لیے تیار ہے۔

وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے پاکستان کی معیشت پر کویت کے مسلسل اعتماد کا خیرمقدم کیا اور حکومت کے غیر ملکی سرمایہ کاری بالخصوص توانائی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سازگار ماحول فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔وفاقی وزیر پٹرولیم نے میزان بینک پاکستان کے چیئرمین ریاض الادریسی سے بھی علیحدہ ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے میزان بینک کی مضبوط کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کامیاب غیر ملکی سرمایہ کاری کی مثالیں پاکستان کے مالیاتی شعبے میں سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید تقویت دیتی ہیں۔