لاہور (بیورو رپورٹ)سندھ میں نوجوانوں کی ترقی کے لیے سرمایہ کاری بڑھانے کے مقصد سے “شاپنگ ٹومارو: پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سیمپوزیم” جمعرات کو بیچ لگژری ہوٹل کراچی میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر حکومت، نجی شعبہ، تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی اور نوجوانوں سے متعلق تنظیموں کے 200 سے زائد شرکاء نے شرکت کی۔ یہ پروگرام اقوام متحدہ کی آبادی فنڈ (UNFPA) اور پاتھ فائنڈر انٹرنیشنل نے سندھ حکومت کے محکمہ کھیل و امور نوجوانان کے تعاون سے منعقد کیا۔
بطور چیف گیسٹ، منور علی مہیسار، سیکرٹری، محکمہ کھیل و امور نوجوانان، نے نوجوانوں میں سرمایہ کاری کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ سندھ کے مختلف اضلاع میں 26 نوجوانی مراکز قائم کیے گئے ہیں جن کے لیے مجموعی طور پر ایک ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو صنعتوں سے جوڑنے اور نوجوانوں کے لیے موثر مواقع پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا اس موقع پر اضافی سیکرٹری ڈاکٹر اسد اسحاق اور ڈپٹی ڈائریکٹر جناب ایس ایم حبیب اللہ نے نوجوانوں کی شمولیت اور پبلک پرائیویٹ شراکت داری کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے حکومتی اقدامات پر تفصیلات فراہم کیں۔ انہوں نے شفافیت اور نوجوانوں کی رائے کو پالیسی سازی میں شامل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
UNFPA سندھ کے سربراہ، جناب گولڈن مولیلو نے نوجوانوں کی ترقی کو ایک حکمت عملی کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں میں سرمایہ کاری ایک چیلنج نہیں بلکہ ایک سمارٹ سرمایہ کاری ہے، کیونکہ نوجوان مستقبل کے قائد، صارف اور ورک فورس ہیں سیمپوزیم کے دوران پینل مباحثوں میں شفافیت، اعتماد اور نوجوانوں کی مؤثر شمولیت پر گفتگو کی گئی۔ پروگرام نے نوجوانوں کی چھوٹے پیمانے کی منصوبہ بندی اور ان کے اختراعات کو پیش کرنے کا بھی موقع فراہم کیا اور آخر میں عوامی و نجی شعبے کے درمیان مسلسل تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا تاکہ سندھ میں نوجوانوں کی ترقی کے اقدامات کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

