لاہور(بیورو رپورٹ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم اعلیٰ مولانا فضل الرحیم اشرفی مرحوم کے انتقال پر تعزیت کے لیے جامعہ کا دورہ کیا اور منتظمین و مرحوم کے عزیز و اقارب سے اظہار تعزیت کیا،اتوار کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے موجودہ مہتمم اعلیٰ مولانا قاری ارشد عبید سے مولانا فضل الرحیم اشرفی، سابقہ مہتمم اعلی جامعہ اشرفیہ لاہور کی وفات پر دلی تعزیت کا اظہار کیا ، نائب مہتمم اعلیٰ حافظ اسد عبید، نائب مہتمم و مرحوم مولانا فضل الرحیم اشرفی کے صاحبزادے زبیر حسن اور ناظم اعلی ٰقاری مولانا اویس حسن بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیراعظم نے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی اور دعا کی۔ وزیر اعظم نے مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم مولانا فضل الرحیم اشرفی کی اسلام کے لیے کی گئی خدمات کو رہتی دنیا تک عالم اسلام میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔ وزیراعظم نے اس وقت کو یاد کیا جب وہ اپنے والد میاں محمد شریف کے ساتھ جامعہ اشرفیہ لاہور میں ایک طویل عرصہ تک نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے مسلسل حاضر ہوتے رہے،انہوں نے کہا کہ جامعہ اشرفیہ نے ہمیشہ امت مسلمہ کو جوڑنے کا کردار ادا کیا ہے جو کہ ہر لحاظ سے قابل ستائش و تحسین ہے۔ دورے کے دوران سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر اطلات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طلحہ برکی بھی وزیر اعظم کیساتھ موجود تھے۔

