راولپنڈی (کرائم رپورٹر)شہر کے مختلف علاقوں میں بارش اور رم جھم کے باوجود ٹریفک وارڈنز شہریوں کے لیے بلا رکاوٹ ٹریفک رواں رکھنے میں سرگرم عمل ہیں۔ سی ٹی او راولپنڈی فرحان اسلم نے تمام افسران اور جوانوں کو شاباش دی اور کہا کہ سخت سردی اور بارش میں بھی ٹریفک وارڈنز اپنی ذمہ داری بخوبی انجام دے رہے ہیں۔
سی ٹی او نے ہدایت کی کہ سپروائزری افسران خود بھی فیلڈ میں متحرک رہیں اور بارش کے دوران تمام افسران و جوان چھتری اور برساتی کا استعمال کریں۔ بیٹ افسران اور لفٹرز مسلسل پیٹرولنگ میں رہیں جبکہ وارڈنز شہریوں کی فوری اور بھرپور مدد کریں مزید برآں، سی ٹی او نے ہدایت کی کہ انڈرپاسسز کے نیچے اضافی نفری تعینات کی جائے اور سرکل افسران واسا انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں رہیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی کہ بارش کے دوران گاڑی کی رفتار کم رکھیں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں۔
سی ٹی او راولپنڈی نے خاص طور پر شہریوں اور وارڈنز کو الیکٹرک تنصیبات سے دور رہنے کی بھی ہدایت دی۔ یہ اقدامات راولپنڈی کو محفوظ اور منظم ٹریفک کے لیے ایک مثالی شہر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہیں.

