راولپنڈی ٹریفک ہیڈکواٹر میں ڈرائیونگ ٹیسٹ کی سہولت میں اضافہ، موٹر سائیکلسٹ کو ایک ہی دن میں لائسنس جاری

راولپنڈی( کرائم رپورٹر) چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی کا شہریوں کی سہولت کیلئے احسن اقدام، رش اور شہریوں کی سہولت کے پیش نظر ٹریفک ہیڈ کواٹر میں ڈرائیونگ ٹیسٹنگ ٹریفک میں اضافہ،موٹر سائیکلسٹ کیلئے ایک ہی دن میں ڈرائیونگ لائسنس کا اجراء بھی جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم کا شہریوں کی سہولت اور وقت کی بچت کے پیش نظر ٹریفک ہیڈکواٹر میں ڈرائیونگ ٹیسٹ ٹریک اور گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ کرتے ہوئے ایک سے بڑھا کر دو کر دیا۔

اب شہری مینول اور آٹو میٹک دونوں گاڑیوں میں ڈرائیونگ ٹیسٹ دے سکیں گے۔اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم کا کہنا تھا کہ دو ٹیسٹنگ ٹریک اور گاڑیاں بڑھانے کا مقصد ڈرائیونگ ٹیسٹ دینے کیلئے آنیوالے شہریوں کے وقت کی بچت اور انکو سہولت فراہم کرنا ہے۔

شہریوں کی آسانی کیلئے آٹومیٹک اور مینول دونوں گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں،شہری اپنی آسانی کسی بھی گاڑی پر ڈرائیونگ ٹیسٹ دے سکتا ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ موٹر سائیکلسٹ کو ایک ہی دن میں ڈرائیونگ لائسنس کی فراہمی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ویڈیوآٹو میٹڈ سسٹم کے ذریعے تمام لائسنسنگ پراسیس کی ویڈیو ریکارڈنگ کی جاتی ہے تا کہ میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایاجا سکے۔شہریوں سے گزارش ہیکہ ڈرائیونگ کرنے سے پہلے ڈرائیونگ کے قواعد و ضوابط کو سمجھیں اور بروقت اپنا ڈرائیونگ لائسنس حاصل کریں۔