راولپنڈی (سٹاف رپورٹر )چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے لیبیا کی عرب مسلح افواج کے کمانڈر انچیف فیلڈ مارشل خلیفہ ابو القاسم حفتر نے لیبیا کی عرب مسلح افواج کے ڈپٹی کمانڈر انچیف لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر کے ہمراہ جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ملاقات کی جس کے دوران دونوں جانب سے باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص متعلقہ خطوں میں سکیورٹی کی صورتحال اور پیشہ ورانہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا آئی ایس پی آر کے مطابق گفتگو میں پاکستان اور لیبیا کی مسلح افواج کے درمیان مسلسل رابطے اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور لیبیا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے لیبیا میں امن، استحکام اور ادارہ جاتی ترقی کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔
ملاقات دوستانہ اور خوشگوار ماحول میں ہوئی جو پاکستان اور لیبیا کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کی عکاس ہے۔قبل ازیں نور خان ایئربیس پہنچنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے فیلڈ مارشل خلیفہ ابو القاسم حفتر کا استقبال کیا۔ معزز مہمان نے جی ایچ کیو میں یادگار شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

