کوئٹہ (بیورو رپورٹ )وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ آپریشن ردالفتنہ بلوچستان میں خونریزی اور انتشار پھیلانے والوں کے لیے ایک واضح اور دوٹوک پیغام ہے۔ سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے)ایک فتنہ ہے جو معصوم شہریوں اور مزدوروں کو نشانہ بناتا ہے اور بھارت کے اشاروں پر پاکستان کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔
وزیراعلی نے کہا کہ پاکستان اپنی وحدت، ترقی اور عوام کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا اور فتنہ انگیزی کی ہر کوشش کا مثر اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ الحمدللہ ریاست مضبوط اور قوم متحد ہے، اور پاکستان کے خلاف اٹھنے والے ہر ہاتھ کو قانون کے مطابق اور پوری طاقت سے توڑا جائے گا۔میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے حکومت تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔

