اسلام آباد (کرائم رپورٹر)آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت اہم اجلاسوں کا انعقاد آئی جی اسلام آباد نے پولیس فورس کے انتظامی امور، پولیس ویلفیئر اور فورس کی جدید تقاضوں کے مطابق تربیت و اصلاحات کے عمل کا جائزہ لیا،انہوں نے تمام افسران کو دارالحکومت میں انسداد دہشت گردی کے اقدامات، سکیورٹی انتظامات اور قانون کی عملداری کو مزید موثر بنانے کے احکامات بھی جاری کئے۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت سنٹر ل پولیس آفس اسلام آباد میں اہم اجلاس منعقد ہوئے۔ جن میں ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ملک جمیل ظفر، ڈی آئی جی سکیورٹی محمد عتیق طاہر، اے آئی جی لاجسٹکس عبد الحق عمرانی، اے آئی جی آپریشنز شعیب مسعود سمیت ایس ایس پیز، ایس پیز اور دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔دوران اجلاس آئی جی اسلام آباد نے وفاقی دارالحکومت میں مجموعی امن و امان کی صورتحال، پولیس فورس کی کارکردگی اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے تمام افسران کو پولیس فورس کے انتظامی امور کو مزید مو¿ثر اور مربوط بنانے، اندرونی نظم و ضبط کو مضبوط کرنے اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی بروقت انجام دہی کے احکامات جاری کئے۔

آئی جی اسلام آباد نے پولیس ویلفیئر کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے افسران و جوانوں کی فلاح و بہبود، رہائشی اور طبی سہولیات کے اقدامات کی خصوصی ہدایات جاری کیں۔ مزید برآں پولیس فورس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے تربیتی نظام میں بہتری، جدید ٹیکنالوجی سے آگاہی، پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافے اور اصلاحاتی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی جی اسلام آباد نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ جدید پولیسنگ کے اصولوں کو اپنائیں ۔اجلاس کے دوران دارالحکومت میں حساس اور اہم تنصیبات کی سکیورٹی، داخلی وخارجی راستوں پر چیکنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا بھی جائزہ لیا گیا،آئی جی اسلام آباد نے تمام افسران کو واضح کیا کہ وہ سکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنانے، قانون کی عملداری کو یقینی بنانے اور جرائم کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کو یقینی بنائیں۔انہوں نے تمام افسران کو مزید ہدایت کی کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے اور قانون کے نفاذ میں بلاامتیاز اور شفاف رویہ اپنایا جائے۔اجلاس میں سکیورٹی انتظامات کے ساتھ ساتھ سیف سٹی منصوبوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا .

جن میں جدید کیمروں کی تنصیب، مانیٹرنگ سسٹم کی بہتری، ڈیٹا کے موثر استعمال اور مختلف اداروں کے درمیان باہمی رابطے کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات شامل تھے۔آخر میں آئی جی اسلام آباد نے تمام سینئر افسران کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ماتحت فورس کی نگرانی کو مزید موثر بنائیں، فیلڈ میں موجودگی یقینی بنائیں، عوام سے خوش اخلاقی اور پیشہ ورانہ طرزِ عمل اپنائیں اور شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسلام آباد پولیس جدید، پیشہ ور اور عوام دوست پولیس فورس کے طور پر اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہے گی، تاکہ دارالحکومت میں امن، قانون کی بالادستی اور شہریوں کے اعتماد کو مزید مستحکم کیا جا سکے.


