اسلام آباد (کرائم رپورٹر) مسافروں سے رشوت لے کر امیگریشن کلیئر کرنے کے الزامات پر ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور نے فوری نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اور ڈائریکٹر زون اسلام آباد نے خود معاملے کی انکوائری کی۔ تحقیقات کے دوران الزامات درست ثابت ہونے پر ایف آئی اے کے دو اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا.
جبکہ چار مسافروں کو بھی نامزد کیا گیا ہے ایف آئی اے حکام کے مطابق مقدمہ اینٹی کرپشن سیل ونگ کی جانب سے درج کیا گیا اور ملوث اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دورانِ تفتیش ایک اہلکار نے مزید انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ ایک ہفتے کے دوران بارہ مسافروں کو مبینہ طور پر رقم لے کر امیگریشن کلیئر کی گئی ، ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی کاموں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور محکمہ میں کالی بھیڑوں کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔

