کراچی (بیورو رپورٹ )وفاقی تحقیقاتی ادارے (FIA) کے ڈائریکٹر کراچی زون، جناب منتظر مہدی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کا اچانک دورہ کیا اور امیگریشن کاؤنٹرز اور آپریشنز کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورہ کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن نے ڈائریکٹر کو مسافروں کی بروقت اور مؤثر کلیئرنس، جدید ورکنگ اسٹریٹیجیز، اور سخت سکیورٹی پروٹوکولز پر جامع بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مسافروں کو تیز، شفاف اور پیشہ ورانہ انداز میں سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا رہا ڈائریکٹر منتظر مہدی نے امیگریشن عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیم ورک، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ مہارت قابل تحسین ہے۔ انہوں نے افسران و اہلکاروں کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اسی جذبے اور مستعدی کے ساتھ قومی فریضہ سرانجام دیا جائے۔
ڈائریکٹر منتظر مہدی نے مزید کہا کہ مسافروں کی عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے ایمیگریشن پروٹوکول کو یقینی بنانا FIA کی اولین ترجیح ہے اور کراچی ایئرپورٹ پر تعینات ٹیم اس ذمہ داری کو بہترین انداز میں نبھا رہی ہے۔

