آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے ناکہ زیرو پوائنٹ پر پولیس کے ساتھ روزہ افطار کیا اور افسران کی حوصلہ افزائی کی

اسلام آباد (کرائم رپورٹر)آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے ناکہ زیروپوائنٹ پر پولیس افسرا ن و جوانوں کے ہمراہ روزہ افطار کیا آئی جی اسلام آباد نے پولیس افسران و جوانوں کی حوصلہ افزائی کی۔انہوں نے تمام افسران و جوانوں کو رمضان کے مقدس مہینے میں پیشہ ورانہ انداز میں اپنی ذمہ داریاں نبھانے اور بھرپورجوش و خروش کے ساتھ اپنے فرائض منصبی کو جاری رکھنے کے احکامات جاری کئے۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے ناکہ زیروپوائنٹ پر پولیس افسرا ن و جوانوں کے ہمراہ روزہ افطار کیا۔اس موقع پر انہوں نے پولیس افسران و جوانوں کی حوصلہ افزائی کی۔انہوں نے تمام افسران و جوانوں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس کا ہر افسر اور جوان اپنے فرائض کی انجام دہی کے لئے پرعزم ہے۔فرض کی انجام دہی پر فورس کے ہر جوان کا کردار قابل تحسین ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مجھے اسلام آباد پولیس کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور نیک نیتی پر فخر ہے ۔

آئی جی اسلام آباد نے افسران کو مزید ہدایت کی کہ وہ رمضان کے مقدس مہینے میں پیشہ ورانہ انداز میں اپنی ذمہ داریاں نبھائیں اور جوش و خروش کے ساتھ اپنے فرائض منصبی کو جاری رکھیں۔بعد ازاں آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے نماز فجر میں مساجد کے باہر سکیورٹی ڈیوٹیز سرانجام دینے والے پولیس افسران سے ملاقات کی۔ مساجد و امام بارگاہوں کے سکیورٹی انتظامات کا ازخود جائزہ لیا۔تمام افسران کو مستعدی کے ساتھ اپنے فرائض ادا کرنے کی ہدایات جاری کیں.