اسلام آباد (کرائم رپورٹر )ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر پولیس افسران و جوانوں کو خصوصی بریفنگ دیتے ہوئے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی آپریشنز نے مختلف پولیس ٹیموں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ افسران و اہلکار پیشہ ورانہ مہارت، فرض شناسی اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں تاکہ شہریوں کو ہر ممکن تحفظ اور سہولت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا، عوام کو متبادل راستوں سے متعلق بروقت آگاہی دینا اور شہریوں کی آسانی کو یقینی بنانا بھی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد پولیس قانون نافذ کرنے کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے وفاقی دارالحکومت کو پرامن اور محفوظ شہر بنانے کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس شہریوں کے اعتماد پر پورا اترنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور پیشہ ورانہ اخلاقیات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا دوسری جانب انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا نے اوپن ڈور پالیسی کے تحت اپنے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر شہریوں نے اپنے مسائل اور شکایات پیش کیں۔
ایس ایس پی آپریشنز نے شہریوں کی شکایات سن کر متعلقہ افسران کو فوری قانونی کارروائی کرنے اور مقررہ وقت میں رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس خواتین اور بچوں پر تشدد کے معاملات میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے انہوں نے مزید کہا کہ قانون کی بالادستی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی، تمام درخواستوں پر میرٹ کے مطابق فیصلے کیے جائیں گے اور ہر شہری کو مساوی حقوق فراہم کیے جائیں گے۔ شہریوں کی جان، مال اور عزت نفس کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔

