راولپنڈی (کرائم رپورٹر )سی پی او راولپنڈی سید خالد محمود ہمدانی کی ہدایت پر راولپنڈی پولیس نے رات گئے شہر بھر میں فلیگ مارچ کیا۔ فلیگ مارچ کی قیادت ایس ایس پی آپریشنز ملک طارق محبوب نے کی، جبکہ اس موقع پر ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، ڈولفن اسکواڈز اور ایلیٹ کمانڈوز کی بھاری نفری بھی شریک تھی۔
فلیگ مارچ پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز سے شروع ہو کر شہر کے مختلف علاقوں سے گزرا۔ مارچ کا مقصد شہر میں امن و امان کے قیام اور فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کرنا تھا ، سی پی او سید خالد محمود ہمدانی کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ راولپنڈی پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے پولیس شب و روز تندہی سے فرائض انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہر میں امن و امان برقرار رکھنے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

