ویزا فراڈ کے بدنام زمانہ ایجنٹ امتیاز نذر کو ایف آئی اے نے گرفتار کر لیا

اسلام آباد(کرائم رپورٹر) ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (AHTC) اسلام آباد نے ویزا فراڈ میں ملوث ایک اہم ملزم کو گرفتار کر کے کارروائی شروع کر دی ہے بدنام زمانہ ایجنٹ امتیاز نذر کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ ملزم معصوم شہریوں کو یورپی ممالک کے ویزے دلوانے کے بہانے بھاری رقوم بٹورتا تھا اور خود کو ایف آئی اے کا حاضر سروس سب انسپکٹر ظاہر کر کے امیگریشن کلیئرنس کروانے کا جھانسہ دیتا تھا۔

گرفتاری ایک متاثرہ شخص کی نشاندہی پر پلانڈ کارروائی کے دوران عمل میں لائی گئی، جس میں ایئرپورٹ سکیورٹی فورس (ASF) کے عملے نے بھی معاونت فراہم کی۔ ملزم کو ایف آئی اے AHTC اسلام آباد نے تحویل میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

گرفتاری کے دوران ملزم کے قبضے سے تین موبائل فونز برآمد ہوئے، جن میں متاثرین اور سہولت کاروں سے متعلق معلومات موجود ہیں، جبکہ ایک جعلی ایف آئی اے سروس کارڈ بھی برآمد کیا گیا۔ ملزم اور اس کے دیگر ساتھیوں کے خلاف ایف آئی اے AHTC اسلام آباد میں متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔