عید کے دوران بڑے تفریحی مقامات اور پلے لینڈز صرف فیملیز کے لیے مخصوص، ٹریفک پولیس کی جامع ایڈوائزری جاری

اسلام آباد(کرائم رپورٹر )اسلام آباد ٹریفک پولیس (آئی ٹی پی)نے عید الفطر کی تعطیلات کے دوران فیصل مسجد اور چار بڑے تفریحی مقامات ، پلے لینڈ زکے سا تھ ساتھ دامن کوہ، شکر پڑیاں،پاکستان مونومنٹ اور لیک ویو پارک کوصرف فیملیز کیلئے مختص قرار دیا ہے، اس حوالہ سے شہریوں کے لیے ایک جامع ٹریفک ایڈوائزری بھی جاری کی گئی ہے۔

ترجمان اسلام آباد ٹریفک پولیس نے کیپیٹل نیوز پوائنٹ بتایا کہ ایف۔9 فاطمہ جناح پارک عام لوگوں کے لیے کھلا رہے گا جبکہ دیگر مقامات پر داخلہ صرف خاندانوں تک محدود ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ان مقامات پر گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے داخلے پر پابندی ہو گی تاکہ ٹریفک کی روانی اور عوامی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ٹریفک کو منظم کرنے اور بڑے تفریحی مقامات پر شہریوں کی رہنمائی کے لیے خصوصی ٹریفک سکواڈز تعینات کیے جائیں گے۔انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کریں، گاڑیاں مخصوص جگہوں پر پارک کریں اور ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ تکلیف سے بچا جا سکے۔انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ مدد کے لیے ٹریفک ہیلپ لائن 1915 یا Pucar-15 پر رابطہ کریں اور اپ ڈیٹس کے لیے ITP FM 92.4 سے جڑے رہیں۔