راولپنڈی،(سٹاف رپورٹر) صدرِ پاکستان نے پاک فوج، پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے افسران اور جوانوں کو فوجی اعزازات دینے کی منظوری دے دی ہے۔ مجموعی طور پر 11 ستارۂ بسالت، 475 تمغۂ بسالت، 130 امتیازی اسناد، 378 چیف آف آرمی اسٹاف تعریفی کارڈز، 23 ہلالِ امتیاز (ملٹری)، 100 ستارۂ امتیاز (ملٹری) اور 136 تمغۂ امتیاز (ملٹری) عطا کیے گئے ہیں، ستارۂ بسالت حاصل کرنے والوں میں میجر کامل حسین، میجر سبتین حیدر (شہید)، میجر حمزہ اسرار (شہید)، میجر عدنان اسلم (شہید)، کیپٹن حسنین اختر (شہید)، حوالدار علی بلاول (شہید)، نائیک بخت زمین (شہید)، سپاہی رحمان زادین (شہید)، سپاہی ثقلین حکم داد (شہید)، ریئر ایڈمرل محمد سہیل ارشد اور ریئر ایڈمرل مظہر محمود ملک شامل ہیں۔
تمغۂ بسالت حاصل کرنے والوں میں لیفٹیننٹ کرنل محمد سیف اللہ بیگ سمیت متعدد افسران اور جوان شامل ہیں، جن میں بڑی تعداد شہداء کی ہے جنہوں نے وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا،اسی طرح 130 افسران و جوانوں کو امتیازی اسناد، جبکہ 378 کو چیف آف آرمی اسٹاف تعریفی کارڈز سے نوازا گیا ہے، ہلالِ امتیاز (ملٹری) حاصل کرنے والوں میں میجر جنرل وسیم حیدر شاہ، میجر جنرل محمد شمریز، میجر جنرل ابو بکر شہباز سمیت پاک فوج، بحریہ اور فضائیہ کے اعلیٰ افسران شامل ہیں۔
ستارۂ امتیاز (ملٹری) اور تمغۂ امتیاز (ملٹری) بھی بڑی تعداد میں افسران کو ان کی پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں دیے گئے،یہ اعزازات افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات، قربانی اور ملک کے دفاع میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیے گئے ہیں۔ حکومت نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وطن کے دفاع میں قربانیاں دینے والوں کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

