اسلام آباد (کرائم رپورٹر)اسلام آباد میں عیدالفطر پر گزشتہ سال کی نسبت حادثات کی کالز میں 63 فیصد بڑی کمی آئی مہلک حادثات میں 80 فیصد، غیرمہلک حادثات میں 59 فیصد کمی واقع ہوئی۔سی ٹی او اسلام آباد کیپٹن ر یٹائرڈ حمزہ ہمایوں نے کہا کہ حادثات میں اتنے بڑے پیمانے پر کمی اسلام آباد ٹریفک پولیس کی دن رات کی کاوشوں اور بہترین ٹریفک انتظامات اور حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں اسلام آباد ٹریفک پولیس نے چاند رات اور عید الفطر پر ٹھوس ٹریفک انتظامات کو یقینی بنایا۔اس سلسلہ میں اسلام آباد ٹریفک پولیس کے 520افسران و جوانوں نے اپنے فرائض ادا کئے جبکہ شہر بھر میں 21خصوصی ناکہ جات بھی قائم کئے گئے تھے ۔اسی طر ح عوامی مقامات اور پارکس پر خصوصی دستے بھی تعینات کئے گئے تھے ۔ان خصوصی انتظامات کی بدولت چاند رات اور عید الفطر کے ایام میں سال 2025کے مقابلے میں 63فیصد ٹریفک حادثات میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔سال 2025میں عیدکے ایام میں ٹریفک حادثات کی کل 64کالز موصول ہوئی جبکہ سال 2026میں صرف 23کالز موصول ہوئیں۔
اسی طرح سال 2025میںغیر مہلک حادثات کی کل 17کالز موصول ہوئیں جبکہ سال 2026میں صرف 07کالز موصول ہوئیں ۔مزید سال 2025میں مہلک حادثات کی 05کالز موصول ہوئیں جبکہ سال 2026میں صرف 01کال موصول ہوئی ۔جوگزشتہ سال کی نسبت 59اور 80فیصد کم ہیں ۔چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کیپٹن ریٹائرڈ حمزہ ہمایوں کی زیر نگرانی اسلام آباد ٹریفک پولیس نے عید الفطر کے ایام میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر03ہزار439ڈرائیورز کے خلاف قانونی کارروائیاں عمل میں لائیں۔
سنگین ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر 125گاڑیوں اور 01ہزار147موٹرسائیکلوں کو مختلف تھانہ میں بند کیا گیا جبکہ 05ڈرائیورز کے خلاف ایف آئی آرز کا اندارج بھی کیا گیا۔اس طرح ون ویلنگ میں ملوث 723،غیر محفوظ طریقے سے ڈرائیونگ کرنے والے 223،غیرنمونہ نمبر پلیٹس پر 699،غیرقانونی پارکنگ پر 153اورکالے شیشوں کے استعمال پر 68ڈرائیورز کے خلاف قانونی کارروائیاں کی گئیں۔مزید 716بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں ،115بغیر لائسنس اور لین وائلیشن پر 132ڈرائیورز کے خلاف بھی قانونی کارروائیاں کی گئیں ،سی ٹی او اسلام آباد نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں مربوط ٹریفک کا نظام اسلام آباد ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے ، جبکہ شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام افسران اور جوان ہمہ وقت مصروف عمل ہیں۔

