اسلام آباد ٹریفک پولیس کی آبپارہ اور اہم سڑکوں کے لیے متبادل راستوں کی ہدایت

اسلام آباد (کرائم رپورٹر )اسلام آباد ٹریفک پولیس (آئی ٹی پی) نے ٹریفک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ آبپارہ کے اطراف اور اہم سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے متبادل راستے اختیار کیے جائیں گے۔اسلام آباد ٹریفک پولیس ترجمان نے کیپیٹل نیوز پوائنٹ کو بتایا کہ آبپارہ چوک سے شیل پمپ تک ٹریفک کو موڑ دیا جائے گا اور شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ پرانا ایم این اے ہاسٹل، سہروردی روڈ اور سری نگر ہائی وے کو متبادل راستوں کے طور پر استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ لال مسجد چوک سے آبپارہ چوک، سہروردی روڈ اور میونسپل روڈ کی طرف آنے والی ٹریفک کو بھی ڈائیورٹ کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ لال مسجد سے آبپارہ کی طرف جانے والے مسافروں کو زاہدالملت روڈ اور جی 6 (صدر روڈ) کو متبادل راستوں کے طور پر استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ اہلکار کے مطابق چاند تارا لوپ سے سہروردی روڈ کے ذریعے آبپارہ جانے والی ٹریفک کو بھی موڑا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری سیونتھ ایونیو کے ذریعے سری نگر ہائی وے استعمال کر کے باآسانی سفر کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مزید معلومات کے لیے شہری ٹریفک ہیلپ لائن 1915 یا پکارـ15 پر رابطہ کر سکتے ہیں جبکہ عوامی سہولت کے لیے آئی ٹی پی ایف ایم 92.4 پر بھی تازہ صورتحال سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔