تارکین وطن باہمی ترقی کے لیے پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر میں سرمایہ کاری کریں. صدر اسلام آباد چیمبر سردار طاہر محمود

اسلام آباد (کامرس رپورٹر) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے معلومات کی مؤثر ترسیل کو یقینی بنانے اور تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے تاجر برادری اور میڈیا کے درمیان مضبوط تعاون کی ضرورت پر زور دیا ہے، کشمیر جرنلسٹس فورم کے صدر سردار عرفان سدوزئی کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کرنے والے وفد سے خطاب کرتے ہوئے سردار طاہر محمود نے کہا کہ میڈیا معاشی مواقع اور کاروباری اقدامات کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کو سرمایہ کاری کے ابھرتے ہوئے امکانات اور پالیسی پیش رفت سے آگاہ رکھنے کے لیے ICCI اور صحافیوں کے درمیان قریبی رابطہ ضروری ہے۔

آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) کی سرمایہ کاری کی صلاحیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ خطہ خاص طور پر سیاحت، کان کنی، معدنیات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں وسیع مواقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی پاکستان اور آزاد کشمیر کے سرمایہ کاروں کو باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت میں سہولت فراہم کرنے اور خطے کی غیر استعمال شدہ صلاحیت کو اجاگر کرنے کے لیے فعال طور پر کام کر رہا ہے،آئی سی سی آئی کے صدر نے مزید کہا کہ مشرق وسطیٰ کے حالیہ تنازع نے پاکستان اور آزاد کشمیر کے لیے غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے نئی راہیں کھولی ہیں، خاص طور پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور کشمیری تارکین وطن کے لیے انہوں نے زور دیا کہ سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول اور مناسب سہولت فراہم کر کے ہم ان مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

سردار طاہر محمود نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے پریمیئر چیمبر کی حیثیت سے، ICCI نہ صرف اسلام آباد میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے بلکہ پاکستان کی مجموعی اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے، انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور کشمیریوں کے غیر ملکی زرمبادلہ کی ترسیلات زر کے ذریعے ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار کا اعتراف کیا اور کہا کہ آئی سی سی آئی بیرون ملک مقیم سرمایہ کاروں کو ان کے خدشات دور کرنے اور سرمایہ کاری میں رہنمائی کے لیے سنگل ونڈو سہولت کاری کا طریقہ کار فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر سرمایہ کاروں، حکومت پاکستان اور حکومت آزاد جموں و کشمیر کے درمیان اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے ایک پل کا کردار ادا کرتا رہے گا۔

آئی سی سی آئی کے نائب صدر عرفان چوہدری نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں صدر سردار طاہر محمود کی قیادت میں چیمبر کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ معاشی آگاہی اور ترقی کے فروغ کے لیے میڈیا اور کاروباری برادری کے درمیان تعمیری مکالمہ ضروری ہے، قبل ازیں کشمیر جرنلسٹس فورم کے صدر سردار عرفان سدوزئی نے شرکاء کو فورم کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا اور چیمبر اور صحافی برادری کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا، انہوں نے پاکستان کے ساتھ آزاد جموں و کشمیر میں سرمایہ کاری کی صلاحیت کو فعال طور پر فروغ دینے اور اجاگر کرنے پر آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود کی کوششوں کو بھی سراہا۔

اس موقع پر دیگر کے علاوہ آئی سی سی آئی کی ایگزیکٹو ممبر محترمہ شمائلہ صدیقی، سینئر ممبر حضور الاسلام عباسی، اختر عباسی اورکشمیر جرنلسٹ فورم کے سیکرٹری جنرل مقصود منتظر، سیکرٹری خزانہ سردار عمران اعظم، سینئر نائب صدر اقبال اعوان، خالد گردیزی، حسیب شبیر، قاضی صغیر، ظہور عالم، سردار ندیم، سردار نثار تبسم، لیاقت مغل، طلحہٰ سدوزہ اور دیگر موجود تھے۔ تقریب کی نظامت آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبر ذوالقرنین عباسی نے کی۔