اسلام آباد ( سپیشل رپورٹر ) وزیراعظم شہباز شریف سے ایرانی اعلیٰ سطحی وفد نے اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات وزیراعظم ہاؤس میں ہوئی جس میں ایرانی وفد کی قیادت عباس عراقچی نے کی۔ اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفینس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی وزیرِاعظم کے ہمراہ موجود تھے،پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ سمیت اعلیٰ حکومتی قیادت شریک ہوئی۔
جبکہ ایرانی وفد میں نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی، پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم اور ترجمان وزارت خارجہ اسماعیل بقائی شامل تھے،ذرائع کے مطابق ملاقات میں خطے کی سکیورٹی صورتحال، سفارتی روابط کے فروغ اور ممکنہ ایران-امریکا مذاکرات کے تناظر میں بھی مشاورت کی گئی۔ اسلام آباد میں حالیہ سفارتی سرگرمیوں میں تیزی کو خطے میں امن کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے،ایرانی وفد مختصر قیام کے بعد واپس روانہ ہو گا.

