ایرانی سفیر کا اسحاق ڈار اور پاکستان کی سفارتی کوششوں کو خراجِ تحسین

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کی سفارتی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے وزارتِ خارجہ پاکستان اور اس کے سفارتکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی ہے۔

ایرانی سفیر نے کہا کہ سفارتکار عالمی ہم آہنگی اور امن کے معمار ہوتے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی وزارتِ خارجہ نے حالیہ مذاکراتی عمل کے لیے بہترین انتظامات کیے جبکہ پاکستانی سفارتکاروں کی وفود کی میزبانی اور سفارتی تیاریوں میں محنت قابلِ ستائش ہے۔

رضا امیری مقدم نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششیں خطے میں مکالمے اور امن کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق خاموش مگر مسلسل سفارتی کوششیں ہی مذاکرات اور پائیدار امن کی راہ ہموار کرتی ہیں، انہوں نے نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار اور وزارتِ خارجہ پاکستان کی خدمات پر اظہارِ تشکر بھی کیا اور کہا کہ پاکستان کی سفارت کاری خطے میں مثبت کردار ادا کر رہی ہے۔