اسلام آباد (کرائم رپورٹر) وفاقی تحقیقاتی ادارہ ایف آئی اے اسلام آباد زون میں اشتہاری ملزمان اور عدالتی مفروروں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا گیا ہے ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون سید شہزاد ندیم بخاری کی ہدایات پر تمام سرکلز کو خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جا سکے۔ پیش رفت رپورٹس ہفتہ وار بنیادوں پر جمع کروائی جا رہی ہیں ملزمان کی گرفتاری کے لیے نادرا اور پاسپورٹ ریکارڈ کے حصول، سفری ہسٹری کی جانچ، نام بلیک لسٹ/پی سی ایل میں شامل کرنے، مالی و جائیداد ریکارڈ کی چھان بین، انٹرپول کے ذریعے بیرون ملک ملزمان کی نشاندہی، عدالتی کارروائی اور موبائل ڈیٹا کے ذریعے لوکیشن ٹریسنگ جیسے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
کریک ڈاؤن کے نتائج کے مطابق اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے 3 ملزمان گرفتار جبکہ 62 مفرور افراد کی نشاندہی کی۔ راولپنڈی سرکل نے 4 گرفتار اور 61 کی نشاندہی کی۔ اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے 5 گرفتار اور 18 کی نشاندہی کی۔ کمرشل بینکس سرکل نے 2 جبکہ کارپوریٹ کرائم سرکل نے 3 مفرور ملزمان کی نشاندہی کی ایف آئی اے نے کہا ہے کہ قانون کی بالادستی کو یقینی بناتے ہوئے تمام اشتہاری ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

