راولپنڈی(کرائم رپورٹر)چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے گزشتہ ماہ بغیر نمبر پلیٹ، اپلائیڈ فار و فینسی نمبر پلیٹ گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کیخلاف کاروائی کے دوران1ہزار8سو68چالان کیے۔
چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم کا بغیر نمبر پلیٹ و اپلائیڈ فار گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کے حوالے سے کہنا تھا کہ رواں ماہ کاروائیوں کو مزید تیز کرتے ہوئے خصوصی ناکہ جات لگائے جا رہے ہیں جہاں اپلائیڈ فار و بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کو چالان کیساتھ تھانہ بھی بند کیا جائے گا اور ایکسائز کیجانب سے نمبر لگنے کے بعد مالک کے حوالے کیا جائے گا.
جبکہ بو گس و جعلی نمبر پلیٹ لگانیوالوں کیخلاف مقدمات کا اندراج ہو گا۔انکا مزید کہنا تھا کہ نمبر پلیٹ کسی بھی گاڑی اور موٹر سائیکل کی پہچان ہے جسے چھپانا قانوناً جرم ہے،گاڑیوں و موٹر سائیکلوں پر نمبر پلیٹ کے حوالے سے سختی کا مقصد ٹریفک قوانین پر عملد را ٓمد کروانے کیساتھ سکیورٹی کے حوالے سے امن و امان کویقینی بناتے ہوئے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے لہذا شہریوں سے بھی گزارش ہے کہ وہ کسی قسم کی قانونی کاروائی سے بچنے کیلئے اپنی گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کی بروقت رجسٹریشن کروائیں۔

