کراچی(بیورو رپورٹ) آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی) نے صوبہ سندھ کے ضلع سانگھڑ میں واقع بوبی ڈیپ ون کنویں سے تیل اور گیس کی اہم دریافت کا اعلان کر دیا ہے، جسے ملکی توانائی کے شعبے میں ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
او جی ڈی سی کے مطابق ابتدائی پیداواری ٹیسٹ کے دوران کنویں سے یومیہ تقریباً 2 ہزار بیرل خام تیل اور 1.1 ملین مکعب فٹ (ایم ایم ایس سی ایف ڈی) گیس حاصل ہوئی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ بوبی ودھمرا مائننگ لیز کے علاقے میں یہ پہلی ہائیڈروکاربن دریافت ہے، جس سے نہ صرف مقامی وسائل میں اضافہ ہوگا بلکہ مستقبل میں مزید ذخائر کی تلاش کے امکانات بھی روشن ہو گئے ہیں۔
کمپنی کے حکام کے مطابق یہ کامیابی مقامی ماہرین کی مہارت، جدید تحقیق اور جدید تکنیکی صلاحیتوں کے مؤثر استعمال کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پیچیدہ جغرافیائی اور تکنیکی چیلنجز کے باوجود ٹیم نے کامیابی سے تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت کیے ہیں۔
توانائی کے شعبے سے وابستہ ماہرین نے اس دریافت کو ملک کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے توانائی کی مقامی پیداوار میں اضافہ ہوگا، درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے میں مدد ملے گی اور قومی خزانے پر پڑنے والے درآمدی بوجھ میں بھی خاطر خواہ کمی آئے گی۔
ماہرین کے مطابق اگر مستقبل میں مزید کنوؤں سے بھی مثبت نتائج حاصل ہوتے ہیں تو یہ دریافت پاکستان کے توانائی کے شعبے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے۔

