خیبرپختونخوا میں مون سون بارشوں اور فلش فلڈ سے 32 افراد جاں بحق. پی ڈی ایم اے

پشاور (بیورو رپورٹ) خیبرپختونخوا میں مون سون بارشوں اور فلش فلڈ سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تازہ رپورٹ جاری کر دی گئی ہے ، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق 24 جولائی سے اب تک گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے کے مختلف واقعات میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جاں بحق افراد میں 3 مرد اور 3 بچے جبکہ زخمیوں میں 3 مرد اور 3 خواتین شامل ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق اس عرصے میں تیز بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث 26 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 19 گھروں کو جزوی جبکہ 7 گھر مکمل طور پر منہدم ہوگئے ، رپورٹ کے مطابق 19 جولائی سے 26 جولائی کے دوران صوبے کے 25 اضلاع میں بارشوں، فلش فلڈ، گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے اور سیلابی ریلوں میں بہہ جانے کے واقعات کے نتیجے میں اموات کی مجموعی تعداد 32 ہوگئی، جبکہ 35 افراد زخمی ہوئے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں 13 مرد، 3 خواتین اور 16 بچے شامل ہیں جب کہ زخمیوں میں 16 مرد، 12 خواتین اور 7 بچے شامل ہیں ، ادارے کے مطابق مجموعی طور پر 72 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 55 گھروں کو جزوی جبکہ 17 گھر مکمل طور پر منہدم ہوگئے۔ علاوہ ازیں بارشوں سے مختلف قدرتی حادثات میں 46 مویشی بھی ہلاک ہوئے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق متاثرہ اضلاع میں پشاور، نوشہرہ، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، شانگلہ، صوابی، چترال، دیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، اپر کوہستان، ٹانک، تورغر، کرم، شمالی اور جنوبی وزیرستان سمیت دیگر علاقے شامل ہیں ، ادارے نے تمام متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو متاثرین تک فوری امدادی سامان پہنچانے اور ریلیف سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔