sami ibrahim fly jinnah controversey capitalnewspoint.com

اداکارہ فضیلہ قاضی کے بعد سمیع ابراہیم کا فلائی جناح پر سنگین الزام، 45 ہزار روپے کا کنفرم ٹکٹ ضائع ہونے کا دعویٰ

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) معروف اداکارہ فضیلہ قاضی کے بعد معروف صحافی اور اینکر سمیع ابراہیم نے فلائی جناح ایئرلائن پر مسافروں کے ساتھ ناروا سلوک اور مبینہ طور پر مہنگے ٹکٹ ضائع کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے اپنے تلخ تجربے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کر دی، جس کے بعد ایئرلائن کی سروس ایک بار پھر تنقید کی زد میں آ گئی ، سمیع ابراہیم نے ویڈیو میں دعویٰ کیا کہ وہ اپنی پرواز کے مقررہ وقت سے تقریباً 45 منٹ قبل ایئرپورٹ پہنچ گئے تھے، تاہم فلائی جناح کے عملے نے انہیں یہ کہہ کر بورڈنگ سے روک دیا کہ بورڈنگ بند ہو چکی ہے اور وہ “نو شو” قرار دیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے پاس تقریباً 45 ہزار روپے مالیت کا کنفرم ٹکٹ موجود تھا، لیکن عملے نے انہیں صرف ایک ہزار روپے واپس کرنے کی پیشکش کی اور کہا کہ اگر سفر کرنا ہے تو نئی ٹکٹ خریدنا ہوگی ،سمیع ابراہیم کے مطابق کاؤنٹر پر موجود عملہ نہ تو کسی سپروائزر سے بات کروانے پر آمادہ تھا اور نہ ہی ان کی شکایت سننے کے لیے تیار تھا، ان کا کہنا تھا کہ انہیں صرف ایئرپورٹ کمپلینٹ ڈیسک سے رجوع کرنے کا کہا گیا۔

انہوں نے الزام لگایا کہ بعض مسافروں کی کنفرم سیٹیں منسوخ کرکے دوسرے مسافروں کو دی جا رہی ہیں، جسے انہوں نے “چور بازاری” قرار دیا، ان کے بقول وہاں موجود ایک اور مسافر نے بھی تقریباً 44 ہزار روپے کا ٹکٹ ہونے کے باوجود اسی قسم کی شکایت کی ،سمیع ابراہیم نے ویڈیو میں یہ دعویٰ بھی کیا کہ فلائی جناح کے بارے میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ اس کا تعلق فریال تالپور سے ہے، تاہم اس حوالے سے انہوں نے کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل معروف اداکارہ فضیلہ قاضی بھی فلائی جناح کی سروس پر شدید تحفظات کا اظہار کر چکی ہیں، سوشل میڈیا پر سامنے آنے والے ان واقعات کے بعد صارفین کی جانب سے ایئرلائن کی کسٹمر سروس اور مسافروں سے رویے پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، اس حوالے سے ابھی تک فلائی جناح ایئرلائن کا موقف سامنے نہیں آیا.