مظفرآباد (بیورو رپورٹ) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کے 13 حلقوں میں پولنگ جاری ہے، جہاں ووٹرز اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کر رہے ہیں۔ تاہم ضلع بھمبر کے ایک پولنگ اسٹیشن پر ہنگامہ آرائی کے دوران شرپسندوں نے بیلٹ باکس کو آگ لگا دی، جبکہ دیگر تمام پولنگ اسٹیشنوں پر انتخابی عمل پرامن انداز میں جاری ہے۔
انتخابی شیڈول کے مطابق میرپور، کوٹلی اور بھمبر کے 13 حلقوں میں مجموعی طور پر 296 امیدوار میدان میں ہیں، جن میں پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان مسلم لیگ (ن)، استحکامِ پاکستان پارٹی، آزاد امیدوار اور دیگر سیاسی جماعتوں کے امیدوار شامل ہیں ، الیکشن حکام کے مطابق ان حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 14 لاکھ ایک ہزار 439 ہے، جن میں 7 لاکھ 25 ہزار 118 مرد جبکہ 6 لاکھ 75 ہزار 628 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ ووٹنگ کے لیے میرپور ڈویژن میں مجموعی طور پر 2 ہزار 454 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب ضلع بھمبر کے دربار بابا شادی شہید پولنگ اسٹیشن پر ہنگامہ آرائی کے دوران شرپسندوں نے پولنگ باکس چھین کر آگ لگا دی، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر (ڈی آر او) کے مطابق جلائے گئے بیلٹ باکس میں 232 ووٹ موجود تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس پولنگ اسٹیشن پر دوبارہ پولنگ کرانے یا نہ کرانے کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
آئی جی پولیس آزاد کشمیر لیاقت علی ملک نے کہا کہ ریاست میں امن و امان برقرار رکھنا پولیس کی ذمہ داری ہے اور کسی بھی سیاسی کارکن یا فرد کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی ، ادھر چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان نے کہا کہ عوام نے جمہوری عمل پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور پُرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ریاستی ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں، انہوں نے خبردار کیا کہ انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے یا امن خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

