اسلام آباد ہائی کورٹ نے سول ججز اور جوڈیشل مجسٹریٹس کے تقرر و تبادلوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا

اسلام آباد (کورٹ رپورٹر) اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسلام آباد جوڈیشل سروس کے سول ججز کم مجسٹریٹس (BPS-18) کے تقرر و تبادلوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق یہ تبادلے فوری طور پر عوامی مفاد میں کیے گئے ہیں ، 27 جولائی 2026 کو جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق معزز چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کی منظوری سے مختلف سول ججز کم مجسٹریٹس کو سول ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز ڈویژن ویسٹ سے ڈویژن ایسٹ جبکہ متعدد افسران کو ڈویژن ایسٹ سے ڈویژن ویسٹ منتقل کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق جن افسران کے تبادلے کیے گئے ہیں ان میں شہزاد خان، ڈاکٹر محمد سہیل، محمد مراد عباس، آمنہ حنیف، یاسر محمود، خالد حسین، دانش بتول، امبرین اقبال، سید حیدر شاہ، سامعہ نوریں اقبال، زنیرہ ظفر، آفتاب احمد رانا، محمد عمران آصف اور حامد زاہد شامل ہیں۔

رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ محمد یار والانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں ہدایت کی گئی ہے کہ تمام متعلقہ جوڈیشل افسران فوری طور پر اپنی نئی تعیناتی کی جگہ پر رپورٹ کریں ، یہ تقرر و تبادلے اسلام آباد جوڈیشل سروس میں انتظامی امور کو مزید مؤثر بنانے اور عدالتی نظام کی بہتری کے مقصد سے کیے گئے ہیں۔