ن لیگ پر آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی کی کوششوں کا الزام، دھونس اور غنڈہ گردی پر سخت انتباہ . شرجیل میمن

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ن لیگ اپنے بدمعاشوں اور غنڈوں کو لگام دے، زبردستی اور دھونس کے ذریعے آزاد کشمیر میں الیکشن چوری نہیں کرنے دیں گے ، شرجیل انعام میمن نے الزام عائد کیا کہ ن لیگ سمجھتی ہے ہر کوئی بکاؤ مال ہے اور لالچ دے کر سب کو خریدا جا سکتا ہے، تاہم کشمیری عوام ان کے ہتھکنڈوں سے بخوبی واقف ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ن لیگ کے کارکنوں نے پیپلز پارٹی کے ایک کارکن کو شہید کر کے اپنی فاشسٹ روایت برقرار رکھی ہے ،سینئر وزیر سندھ نے کہا کہ ن لیگ کے امیدواروں کی جانب سے اسلحے کے آزادانہ استعمال اور انتخابی ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزیوں پر الیکشن کمیشن کی خاموشی افسوسناک اور سمجھ سے بالاتر ہے۔

شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ ن لیگ اپنی شکست دیکھ کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے اور 2014 کی طرح کشمیر میں خیراتی مینڈیٹ حاصل کرنا چاہتی ہے ، انہوں نے مزید الزام لگایا کہ “فارم 47 کی پیداوار” ن لیگ آزاد کشمیر کا پرامن ماحول خراب کر رہی ہے ، سینئر وزیر سندھ نے کہا کہ کشمیری عوام پرامن ہیں اور ن لیگ کے دوہرے طرزِ عمل سے اچھی طرح آگاہ ہیں ، شرجیل انعام میمن نے خبردار کیا کہ ن لیگ کی قیادت کان کھول کر سن لے، کشمیر کے پرامن ماحول کو خراب نہیں ہونے دیا جائے گا۔