آزاد کشمیر انتخابات، امیر مقام نے دھاندلی کے الزامات مسترد کر دیے، کہا ووٹوں کی گنتی ابھی باقی ہے

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان اور مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے پیپلز پارٹی کی جانب سے دھاندلی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں وزیراعظم، حکومت اور پوری انتظامیہ پیپلز پارٹی کے پاس ہے ، انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت اور وزراء بغیر سوچے سمجھے بیانات دے رہے ہیں، ووٹوں کی گنتی سے پہلے ہی مسلم لیگ (ن) پر الزامات لگانا مضحکہ خیز ہے۔

انہوں نے فتح پور تکیال میں ہلاکت کے واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج کے واقعے میں مسلم لیگ (ن) کا کارکن بھی زخمی ہوا ہے ، ان کا کہنا تھا کہ انتخابی مہم کے دوران فتح پور تکیال میں فائرنگ سے مسلم لیگ (ن) کا ایک کارکن اور اہم رہنما ملک عاشق حسین بھی جاں بحق ہوئے تھے ، وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو الزام تراشی کے کھیل سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ ابھی ووٹوں کی گنتی ہونا باقی ہے اور اس مرحلے پر ایسے بیانات افسوسناک ہیں۔

امیر مقام کا کہنا تھا کہ انتخابی مہم کے دوران قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف، انہوں نے خود اور دیگر رہنماؤں نے پارٹی کے گزشتہ ترقیاتی کاموں اور مستقبل کے منصوبوں کو عوام کے سامنے پیش کیا ، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے پاس بہترین اور محنتی ٹیم موجود ہے، جبکہ تمام تر حکومتی وسائل کے باوجود پیپلز پارٹی کی جانب سے گنتی سے قبل الزام تراشی کا سلسلہ شروع کرنا افسوسناک ہے۔