تہران (ویب ڈیسک) ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ تہران نے امریکا سے نئی فوجی کارروائیاں نہ کرنے کی درخواست کی تھی ، خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی مہر نے فوجی حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ صدر ٹرمپ کا بیان بے بنیاد ہے اور اس میں کوئی صداقت نہیں۔
ایرانی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ امریکا سے حملے روکنے کی کوئی درخواست نہیں کی گئی، جبکہ اس حوالے سے سامنے آنے والے دعوے کو انہوں نے “ایک نیا جھوٹ” قرار دیا ، حکام کے مطابق ایران کی مسلح افواج مکمل طور پر چوکس ہیں اور کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار ہیں، دفاعی فورسز کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے اور اگر کسی بھی قسم کی جارحیت کی گئی تو اس کا بھرپور اور مناسب جواب دیا جائے گا۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام کی جانب سے سخت بیانات کا تبادلہ جاری ہے ، سیاسی مبصرین کے مطابق دونوں ممالک کے متضاد بیانات خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے کا سبب بن سکتے ہیں، جبکہ عالمی برادری سفارتی ذرائع سے تنازع کے حل کی کوششوں پر زور دے رہی ہے۔

