اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ کراچی کمپنی پولیس نے گھریلو چوری کی ایک بڑی واردات کا سراغ لگاتے ہوئے مبینہ ملزم کو گرفتار کر لیا اور اس کے قبضے سے تقریباً 86 لاکھ روپے مالیت کا سو فیصد مسروقہ سامان برآمد کر کے قانونی کارروائی کے بعد متاثرہ شہری کے حوالے کر دیا ، پولیس کے مطابق مورخہ 30 مئی 2026، تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 380، 454 اور 411 کے تحت درج کیا گیا تھا ، کارروائی کے دوران عبدالرحمن عرف جھولا ولد فضل الرحمن، سکنہ رمشہ مسیح کالونی، سیکٹر H-9 اسلام آباد کو گرفتار کیا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ برآمد ہونے والے سامان کی مالیت تقریباً 86 لاکھ روپے ہے، جس میں طلائی زیورات، لیپ ٹاپ، موبائل فونز اور نقد رقم شامل ہیں ، ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ کراچی کمپنی انسپکٹر ندیم طاہر کی قیادت میں پولیس ٹیم نے جدید تکنیکی ذرائع اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے ملزم کا سراغ لگا کر اسے گرفتار کیا، جبکہ تفتیشی کارروائی میں اے ایس آئی شفیق نے بھی اہم کردار ادا کیا۔

ایس پی سٹی ڈاکٹر ایاز نے قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد برآمد شدہ تمام سامان اصل مدعی کے حوالے کر دیا ، اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ دارالحکومت میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد جاری ہے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ایسی کارروائیاں آئندہ بھی بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی۔

