پاکستان اور قطر کے درمیان اقتصادی تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) ، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ نے اسلام آباد میں قطر کے سفارت خانے کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے قطر کے سفیر علی مبارک علی عیسیٰ سے ملاقات کی ، ملاقات میں پاکستان اور قطر کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، اقتصادی تعاون اور باہمی تعلقات کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران عاطف اکرام شیخ نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان اور قطر کی قیادت کے مثبت کردار اور دونوں ممالک کے تاریخی و برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور قطر کے سیاسی، سفارتی، سماجی اور معاشی روابط دونوں ممالک کے لیے باعثِ فخر ہیں ، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان اقتصادی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے وسیع مواقع موجود ہیں، جبکہ قطری سرمایہ کاروں کو توانائی، انفراسٹرکچر، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی)، سیاحت اور دیگر اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔

صدر ایف پی سی سی آئی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارہ پاکستان اور قطر کے نجی شعبوں کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے اور کاروباری تعاون کے فروغ کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتا رہے گا ، اس موقع پر قطری سفیر علی مبارک علی عیسیٰ نے پاکستان اور قطر کے تعلقات کے استحکام کے لیے عاطف اکرام شیخ کی کاوشوں کو سراہا اور دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران عاطف اکرام شیخ نے سابق امیرِ قطر شیخ حماد بن خلیفہ الثانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت پیش کی۔ انہوں نے قطری سفیر کے والد کے انتقال پر بھی دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحومین کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ، عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ سابق امیرِ قطر نے پاکستان اور قطر کے برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا، جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

ملاقات میں ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر طارق جدون اور چیئرمین کیپیٹل آفس کریم عزیز ملک بھی شریک تھے۔ دونوں فریقین نے پاکستان اور قطر کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔