Shehbaz Sharif Says AJK Issues Will Be Resolved Through Constitutional Process Capitalnewspoint.com

اسکولوں اور مدارس کے ہونہار طلبہ کے لیے بڑی خوشخبری، کروم بکس کے ساتھ انٹرنیٹ بھی ملے گا

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر کے سکولوں اور دینی مدارس کے 5 لاکھ ہونہار طلبا و طالبات کو کروم بکس اور انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کے منصوبے کا باضابطہ آغاز کر دیا۔ منصوبے کے تحت آئندہ دو سال میں میرٹ اور قابلیت کی بنیاد پر طلبہ میں 5 لاکھ کروم بکس تقسیم کی جائیں گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان بھر کے ہونہار اور قابل بچوں کو بااختیار بنانے کے ایک اہم سفر کا آغاز کیا جا رہا ہے، قابل بچے اور بچیاں پاکستان کا حقیقی سرمایہ ہیں، انہیں جدید ٹیکنالوجی اور مہارتیں فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کروم بکس طلبہ کو صرف میرٹ اور قابلیت کی بنیاد پر فراہم کی جا رہی ہیں۔ ماضی میں نواز شریف کی قیادت میں ملک بھر میں میرٹ پر 6 لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے، جبکہ اب کروم بکس کے ساتھ طلبہ کو سکول بیگ اور انٹرنیٹ ڈیوائس بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ کوئی بھی باصلاحیت طالب علم ترقی کی دوڑ میں پیچھے نہ رہ جائے۔ ذہانت اور قابلیت کو غربت یا امارت سے نہیں جوڑنا چاہیے، بلکہ ہر مستحق طالب علم کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع ملنے چاہئیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جدید ڈیجیٹل سہولیات کی بدولت طلبہ گھر بیٹھے آن لائن تعلیم حاصل کرنے اور ای لائبریریوں سے استفادہ کرنے کے قابل ہوں گے۔ انہوں نے کووڈ وبا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران لیپ ٹاپس نے طلبہ کو تعلیم جاری رکھنے اور روزگار کے مواقع حاصل کرنے میں مدد دی۔

وزیراعظم نے کروم بکس کی فراہمی میں تعاون پر ٹوکیو ٹیکنالوجی کیئر فاؤنڈیشن کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں نے ملک کے بچوں کی تعلیم اور ڈیجیٹل صلاحیتوں کے فروغ کے لیے عطیات دیے ہیں۔ ان کے مطابق سمندر پار پاکستانی نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ اور مستقبل کے معمار ہیں۔

دانش سکولوں کے حوالے سے وزیراعظم نے بتایا کہ ان اداروں میں طلبہ کو رہائش، کھانے، معیاری تعلیم، اسمارٹ بورڈز اور ای لائبریریوں سمیت تمام تعلیمی سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں ، انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں 27 دانش سکول زیر تعمیر ہیں اور بچوں کو تعلیم و تربیت کے لیے تمام ضروری وسائل مہیا کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ دینی مدارس کے طلبہ کو بھی لیپ ٹاپ سکیموں میں شامل کیا گیا تھا، جبکہ کروم بکس اعلیٰ تعلیم کے حصول کے ساتھ باوقار روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوں گی۔

وزیراعظم نے سید شمس رضا جیسے ان طلبہ کا ذکر بھی کیا جو مشکلات کے باوجود تعلیم حاصل کرنے اور ملک و قوم کی خدمت کے لیے پُرعزم ہیں ، انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تعلیم کو اپنی اولین ترجیح بنائیں، کیونکہ تعلیم ایسا زیور ہے جو انسان کو معاشرے میں ممتاز مقام دلاتا ہے۔